خیبرپختونخوا استاتذہ کی بنی گالہ پرچڑھائی،علیمہ خان کے گھرپر ڈیرے

مظاہرین کی بڑی تعداد رکاوٹیں ہٹا کر عمران خان کی رہائشگاہ کی جانب بڑھ گئی، مذاکرات ناکام،پولیس بے بس

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائشگاہ پر دوسری مرتبہ خیبرپختونخوا سے اساتذہ کی بڑی تعداد احتجاج کرنے کے لیے پہنچ گئی۔

بنی گالہ میں صوبائی سرکاری اساتذہ اور ملازمین ملازمتوں پر مستقل نہ کیے جانے اور پنشن ان کی نوکری کی آغاز کی تاریخ سے فراہم نہ کرنے کے خلاف ایک ہی ماہ میں دوسری مرتبہ سراپا احتجاج ہیں۔

جون کے اختتامی دنوں پر اساتذہ کو احتجاج ختم کرنے کے لیے پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان اور مراد سعید نے تحریری معاہدہ کر کے بنی گالہ سے روانہ کیا تھا۔ مگر کے پی گورنمنٹ نے اس معاہدے پر کوئی عمل نہیں کیا۔

مظاہرین بنی گالہ میں عمران خان کے گھر کے اندرونی دروازے اور ان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے لان میں داخل ہوگئے۔مظاہرین کا کہنا ہے نوٹفکیشن لیے بنا واپس ہرگز نہیں جائیں گے۔مظاہرین سے مذاکرات کے لیے علی امین گنڈاپور دن بھر گزرنے کے بعد پہنچے جن کا استقبال مردہ باد کے نعروں سےکیا گیا۔

پولیس کی بھاری نفری بھی اس موقع پر تعینات رہی۔مراد سعید بھی مظاہرین سے مذاکرات کےلیے پہنچے۔

Comments are closed.