ارشد شریف کا قتل 22 کروڑ عوام کی موت ہے، سراج الحق
اس ملک میں بڑے بڑے واقعے ہوئے،دن کے اجالے میں کمیشن بنتے ہیں،اسلام آباد جیسے شہر میں بھی لوگ اپنے آپ کو محفوظ نہیں سمجھتے،یہ کھیل ایک گندا کھیل ہے، پاکستان اس لیے تو نہیں بنایا گیا تھا۔روز کی بنیاد پر ہمارے ملک کی کہانیاں بیرون ملک میں چھپتی ہیں، امیر جماعت اسلامی کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں ارشد شریف کی موت کسی ایک خاندان کے فرد کی موت نہیں ہے،یہ 22 کروڑ عوام کی موت ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی سینئر صحافی ارشد شریف کی گھر آمد ہوئی ، ارشد شریف کی والدہ اور بچوں سے تعزیت کی۔
سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں شریک ہے، اس وقت ان لوگوں کو حوصلہ دینے کی ضرورت ہے، ایک ماں اور بچوں پر جو گزرتی ہے اس کا درد انہی کو معلوم ہے۔ جس طرح ارشد شریف کو کینیا میں شہید کیا گیا اس پر پوری قوم کو افسوس ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہمارے ملک کا المیہ ہے واقعات ہوتے ہیں اور ہم دو دن میں بھول جاتے ہیں،اس ملک میں بڑے بڑے واقعے ہوئے،دن کے اجالے میں کمیشن بنتے ہیں،اسلام آباد جیسے شہر میں بھی لوگ اپنے آپ کو محفوظ نہیں سمجھتے،یہ کھیل ایک گندا کھیل ہے، پاکستان اس لیے تو نہیں بنایا گیا تھا۔روز کی بنیاد پر ہمارے ملک کی کہانیاں بیرون ملک میں چھپتی ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی بتاتے ہیں یہ دیکھوں آج ہمارے ملک میں کیا ہوا ہے، ہمارے پاکستان میں اگر کوئی چیز سب سے زیادہ سستی ہے تو وہ انسان کی موت ہے،حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں ارشد شریف کی موت کسی ایک خاندان کے فرد کی موت نہیں ہے،یہ 22 کروڑ عوام کی موت ہے۔ حکومت نے ایک کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اس کیلئے دن جو رکھے ہیں وہ بہت زیادہ ہیں۔
Comments are closed.