مسلم لیگ (ن) کا قومی احتساب بیورو بند، چیئرمین نیب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود قومی احتساب بیورو اور چیئرمین کا بدستور برقرار رہنا ہٹ دھرمی اور لاقانونیت ہے، چیئرمین مستعفی اور نیب کو بند کیا جائے۔

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات کے باوجود قانون کے مطابق اپنا دفاع کر رہے ہیں۔ آج تک نیب نیازی گٹھ جوڑ صدر مسلم لیگ (ن) کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام تک نہیں لگا سکا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کیخلاف ایک روپے کی کرپشن تو دور الزام تک نہیں لگ سکا، پھر بھی وہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کا سامنا کر رہے ہیں۔ قوم کے اربوں روپے بچانے والے نیب کی چیرہ دستیوں کا شکار ہیں تو دوسری طرف چور حکومت میں دندناتے پھر رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہبازشریف کینسر کا سامنا کرنے، قوت مدافعت کم ہونے کے باجود عدالت جاتے ہیں جبکہ عمران صاحب فارن فنڈنگ کیس اور چینی چوری کرکے انکوائری کمیشن میں پیش نہیں ہو سکتے۔ پاکستان کے عوام سب دیکھ رہے ہیں۔

Comments are closed.