جس نے عمران خان کی سہولت کاری کی،بدنامی اس کا مقدر بنی، مریم نواز

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جس جس نے بھی عمران خان کی سہولت کاری کی، بدنامی و رسوائی اس کا مقدر بنی۔ایک ٹویٹ کے جواب میں مریم نواز نے لکھا کہ عمران ایک فارن ایجنٹ ہے جس کی ذمہ داری پاکستان میں فتنہ و انتشار پیدا کرنا ہے تاکہ یہ ملک آگے نہ بڑھ پائے۔ہر وہ ہاتھ جو اس شیطانی کھیل کو مضبوط کرنے کے لیے اٹھتا ہے۔اسی کھیل کا حصہ تصور کیا جائے گا۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی چیف آگنائزر مریم نواز نے پارٹی ترجمانوں کو ہدایت کی ہے کہ عدلیہ میں عمران خان کے سہولت کار بے نقاب کریں۔نواز شریف کے مقدمے میں آئین اور قانون کی پامالی کو بے نقاب کیا جائے گا، اگر انصاف ہے تو نواز شریف کے ساتھ زیادتی کی جتنی شہادتیں آ رہی ہیں ابھی تک ترازو کے پلڑے برابر ہو جانے چاہئیں تھے۔

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اہم اجلاس ہوا جس میں نواز شریف کیخلاف غیر منصفانہ فیصلے اور گواہیاں عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔عمران خان اور سہولت کاروں کے بارے میں تمام حقائق عوام کے سامنے لانے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی، اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ سہولت کار اور ان کے آلہ کار عمران خان کی کرپشن، بدعنوانیوں اور لوٹ مار کے حقائق سامنے لائیں، اجلاس میں پارٹی موقف اور اس کے بیان کا جائزہ، پارٹی پالیسیوں کے حوالے سے حقائق عوام تک پہنچانے پر غور بھی کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان پاکستان کا ماضی بن چکا ہے۔اب پاکستان کے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہے، گزشتہ 4 سال میں ملک کیسے تباہ ہوا عوام کو بتایا جائے۔جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس مندوخیل کا آج کا فیصلہ بینچ فکسنگ کے بارے میں ہمارے بیانیے کی جیت ہے۔ینچ سازی منصفانہ نہیں تو فیصلہ کیسے منصفانہ تصور ہوگا؟۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اپنے کرپشن مقدمات سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ ٹیرین، فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ مقدمات میں ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔عدلیہ میں عمران خان کے سہولت کاروں کو پوری قوت سے بے نقاب کریں۔نوازشریف کے مقدمے میں آئین اور قانون کی پامالی کو بے نقاب کیا جائے گا۔اگر انصاف ہے تو نواز شریف کے ساتھ زیادتی کی جتنی شہادتیں آ رہی ہیں ابھی تک ترازو کے پلڑے برابر ہو جانے چاہئیں تھے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 سال میں معیشت تباہ، عوام غریب ہوئے، ایک کروڑ نوکری میں سے ایک نوکری اور 50 لاکھ گھروں میں سے ایک گھر عوام کو نہیں دیا، 10 نمبریوں کا صرف ایک نکاتی ایجنڈا ہے کہ لوٹ مار کریں،انہوں نے 10 نکاتی ایجنڈا نہیں 10 جھوٹ بولے ہیں، یہ جھوٹ کا ایجنڈا ہے جسے نئے نام سے پھر دوہرایا جا رہا ہے، 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کے بجائے پاکستان میں کرپشن 14 درجے مزید بڑھ گئی تھی۔

Comments are closed.