اسلام آباد: مسلم لیگ نون کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے، کرائے کے ترجمان اور لوٹے اپنا سامان باندھ لیں۔
پیپلز پارٹی کی میزبانی میں اپوزیشن کی کثیرالجماعتی کانفرنس کے حوالے سے مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اے۔پی۔سی شروع ہونے سے پہلے ہی بنی گالہ کےمحل میں صف ماتم بچھ چکی جب کہ شیر کے ٹویٹر پر گرجنے سے سلیکٹڈ حکومت تھر تھر کانپ رہی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ آج سلیکٹڈ حکومت کی گیدڑ دھمکیاں میڈیا پر اثرانداز نہیں ہوں گی، آزادی صحافت اور شہری آزادیوں کے لئے برسر پیکار میڈیا کا آج امتحان ہے، کوریج رکوانے کے فسطائی اور آمرانہ ہتھکنڈے حکومت کیخلاف عوامی نفرت کا سیلاب نہیں روک سکتے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ قوم کا جذبہ بتا رہا ہے کہ پاکستان کا وزیراعظم کون ہے، سلیکٹڈ حکومت پر ہفتہ اور اتوار کی شب قیامت کی رات تھی، کرپٹ، نااہل، آٹا،چینی چور حکومت کے خلاف پورا پاکستان متحد ہے۔
Comments are closed.