مریم کی واپسی 28 جنوری کو،نوازشریف انتخابی مہم لیڈ کرینگے، رانا ثنا اللہ
عمران خان روزانہ دھرنے کی کال دے رہے ہیں، انہوں نے سب کچھ کر کے دیکھا لیکن صرف ناکامی ہی ملی،عمران خان صرف مہم چلا رہے ہیں کہ پاکستان کو کس طرح ڈیفالٹ کرنا ہے؟،محسن نقوی کا نگران وزیراعلیٰ بننے پر یہ اعتراض ہے کہ عثمان بزدار جیسا شخص کیوں نہیں بٹھایا؟:وزیر داخلہ کی لندن میں گفتگو
لندن : وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ فیصلہ ہوگیا، نواز شریف پاکستان آرہے ہیں، الیکشن مہم کو لیڈ کریں گے، مریم نواز 28 جنوری کو لاہور پہنچیں گی۔انہوں نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز پارٹی کو منظم کریں گی، 26 جنوری کو برطانیہ سے روانہ ہوں گی، 27 جنوری کو دبئی میں قیام کریں گی اور 28 جنوری کو لاہور پہنچیں گی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا عمران خان روزانہ دھرنے کی کال دے رہے ہیں، انہوں نے سب کچھ کر کے دیکھا لیکن صرف ناکامی ہی ملی۔عمران خان صرف مہم چلا رہے ہیں کہ پاکستان کو کس طرح ڈیفالٹ کرنا ہے؟ محسن نقوی کا نگراں وزیر اعلی ٰبننے پر یہ اعتراض ہے کہ عثمان بزدار جیسا شخص کیوں نہیں بٹھایا؟۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ محسن نقوی کا نام پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں نے مشاورت کے بعد دیا، نجیب اللہ قتل کیس کا فیصلہ عدالت نے کیا ہے، عدالت کے فیصلے پر اعتراض ہے تو ہائیکورٹ میں معاملہ جا سکتا ہے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ وہ کسی طرح برسر اقتدار آ جائے، جب تک ووٹ کی طاقت سے اس کو مائنس نہیں کیا جائے گا ملک میں استحکام نہیں آئے گا۔
وزیرداخلہ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ن لیگ نے سیف الملوک کھوکھر کو لاہور کا صدر مقرر کر دیا ہے، فیصلہ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کی مشاورت سے کیا گیا ہے، سیف الملوک کھوکھر مخلص اور وفادار ساتھی ہیں۔عمران خان کے دور میں سیف الملوک کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، سیف الملوک کے گھر پر بلڈوزر چلایا گیا مگر وہ پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے، امید ہے سیف الملوک لاہور میں پارٹی کو منظم کریں گے۔
Comments are closed.