مسجد نبویؐ ہنگامہ آرائی:قید پاکستانیوں کو رہا کرنے کا حکم
وز یراعظم کی درخواست پر سعودی ولی عہد کا بڑا فیصلہ، اللہ تعالیٰ آپ کو اس کا اجر عطاء فرمائے،وزیراعظم پاکستان کا سعودی ولی عہد سے اظہار تشکر
اسلام آباد : سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان نے مسجد نبویؐ ہنگامہ آرائی میں قید تمام پاکستانیوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ سعودی عرب کے دوران ،سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان سے گرفتار پاکستانیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی۔وزیر اعظم دو روزہ دورہ سعودی عرب مکمل کرکے پاکستان واپس روانہ ہوگئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ سعودی عرب کے دوران ،سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان سے درگزر سے کام لیتے ہوئے اپریل 2022 کے واقعے پر گرفتار پاکستانیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی،مدینہ منورہ کی عدالت نے تین پاکستانیوں خواجہ لقمان، محمد افضل، غلام محمد کو 8 سال جبکہ تین کو 6 سال قید کی سزا سنائی تھی جن میں انس، ارشد اور محمد سلیم شامل ہیں۔ ایک اور پاکستانی طاہر ملک کو بھی تین سال قید اور 10 ہزار ریال جرمانہ کیاگیا تھا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ پہنچے جہاں گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعودنے ان کا استقبال کیا۔ وزیرِ اعظم نے مسجدِ نبوی میں نماز ادا کی جس کے بعد انہیں روضہِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارتِ خاص کروائی گئی،وزیرِ اعظم نے غزوہء احد کے شہداء کی قبرِوں پر بھی حاضری دی اور اس کے ساتھ ہی اپنا دو روزہ دورہء سعودی عرب مکمل کرکے پاکستان روانہ ہو گئے۔
Comments are closed.