بجلی کی بڑھتی قیمت کے باعث پانی بلوں میں اضافہ ناگزیر تھا، ایم ڈی واسا راولپنڈی

راولپنڈی :منیجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی راولپنڈی(واسا) محمد تنویر نے کہا ہے کہ پانی و سیوریج بلوں میں اضافہ صرف راولپنڈی میں نہیں کیا گیا بلکہ اس کا اطلاق پورے پنجاب میں ہورہاہے،صوبے میں تمام شہروں میں موجود واسا دفاتر حکومتی احکامات پر علمدر آمد کر رہے ہیں اور اس کا مقصد اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا اور عوامی خدمت کے لیے مزید فعال بناناہے۔

 ایم ڈی واسا نے کہاکہ عوام کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نے ایک سے تین مرلہ اور تین سے پانچ مرلہ رقبے کی املاک کے لیے ریلیف بھی دیاہے، انہوں نے واضح کیاکہ نجی تعلیمی اداروں کے ٹیرف میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا ہے، حکومت نہیں چاہتی ان اداروں پربوجھ پڑے جو مستقبل کے معماروں کی تعلیم و تربیت میں کردار ادا کررہے ہیں۔

ایم ڈی واسا کاکہناتھاکہ کہ بلوں می حالیہ اضافہ ناگزیر تھا کیونکہ بجلی ٹیرف میں اضافے کی وجہ سے ٹیوب ویلوں سمیت دیگر بلز اور ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی مشکل ہوگئی ہے، عوام سے درخواست ہے کہ وہ بلوں کی ادائیگی میں واسا عملے سے تعاون کریں کیونکہ ان کے تعاون سے ہی ہم بہتر سے بہترین سہولیات فراہم کرنے کے قابل ہوسکتے ہیں۔

Comments are closed.