مائیکروسافٹ نے پاکستان میں نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی عالمی سطح کی مہارتیں فراہم کرنے کے لیے اپنے ‘اسکلز فار جابز مائیکرو ڈگری پروگرام’ کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ یہ پروگرام پاکستانی انوجوانوں کو بدلتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے او ر ان کے لیے بین الاقوامی روزگار کے مواقع بڑھانے کااہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ پروگرام مائیکروسافٹ نے فن لینڈ کی کجانی یونیورسٹی آف اپلائیڈ سائنسز کے تعاون اور یورپی یونین کے مالی معاونت سے تیار کیا ہے۔ جس کے تحت نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت ، سائبر سیکیورٹی اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ، پاور پلیٹ فارم، ڈیٹا انجینئرنگ اور ڈیٹا سائنس جیسے عالمی منڈی میں انتہائی مطلوب شعبوں میں خصوصی تربیت دی جائے گی۔
پاکستان میں اس پروگرام کی عملی شروعات ھزاع انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور حبِیب بینک لمیٹڈ کی شراکت سے ممکن ہوئی۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں منعقدہ معاہدہ تقریب میں چیئرپرسن نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن گلمینہ بلال نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ مائیکروسافٹ، ایچ بی ایل اور حزاع انسٹیٹیوٹ کے سینئر نمائندے بھی موجود تھے۔

اس مائیکرو ڈگری پروگرام کے تحت تربیت یافتہ طلبہ نہ صرف با معاوضہ انٹرن شپس حاصل کر سکیں گے بلکہ انہیں بین الاقوامی کمپنیوں میں ملازمتاور یورپی یونیورسٹیوں میں داخلوں کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔ یہ تمام مواقع مائیکروسافٹ کے عالمی نیٹ ورک اور شراکت دار کمپنیوں کے ذریعے دستیاب ہونگے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گلمینہ بلال نے اس پروگرام کو پاکستان کے لیے “تبدیلی کا سنگِ میل” قرار دیا اور کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ہنرمند پاکستانی نوجوانوں کے لیے عالمی سطح پر روزگار کے دروازے کھولنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف ملک میں آئی ٹی مہارتوں کی کمی کو کم کریں گے بلکہ بیرونِ ملک روزگار اور ریمٹنس کے ذریعے پاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر میں اضافے کا ذریعہ بھی بنیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم اور بین الاقوامی معیار کی تربیت پاکستان کی نوجوان آبادی کے لیے مستقبل کے دروازے کھول رہی ہے، اور یہ پروگرام اس منزل کے حصول میں ایک ٹھوس پیش رفت ہے۔
Comments are closed.