رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجا کے شوہر کا سیشن جج پر حملہ، ریڈزون میں گولیاں چل گئیں

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں ایم پی اے عابدہ راجہ کے شوہر چوہدری خرم کی جانب سے ایڈیشنل سیشن جج طارق جہانگیر کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد سیشن جج نے فائرنگ کردی۔

اسلام آباد کے ریڈ زون میں ایڈیشنل سیشن جج طارق جہانگیر پر تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجا کے شوہر نے تشدد کیا، نیوز ڈپلومیسی کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج ریڈ زون میں دفتر خارجہ کے سامنے واقع پٹرول پمپ سے اپنی گاڑی میں پٹرول ڈلوا رہے تھے کہ بعد میں آنے والی لینڈ کروزر گاڑی میں سوار پی ٹی آئی کی ایم پی اے کے شوہر نے اتر کر سیشن جج کو گالیاں دیں اور انہیں مارا پیٹا۔

ایم پی اے کے شوہر چوہدری خرم نےگاڑی میں بیٹھے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج پر گھونسوں اور مکوں کی بارش کر دی، جس کے بعد ایڈیشنل سیشن جج نے اپنی پستول سے پہلے گاڑی کے اندر سے فائرنگ کی اور بعد میں باہر نکل کر ہوائی فائر کیے، جس کے بعد رکن صوبائی اسمبلی کے شوہر پٹرول پمپ کے عملے سے مدد لینے کے بھاگے، خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واقعہ کے فوراً بعد تھانہ سیکرٹریٹ پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں فریقین کو تھانے منتقل کیا جس کے بعد ایڈیشنل سیشن جج طارق جہانگیر کا میڈیکل کروایا گیا، میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سیشن جج کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں پتہ کہ انہیں کیوں تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پٹرول ڈلواتے ہوئے  اچانک ایک شخص نے مجھ پر حملہ کیا، جس کے باعث میرے چہرے پر چوٹیں آئیں۔

دوسری جانب واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی عابدہ  راجہ موقع پر پہنچیں اور انہوں نے بتایا کسی نامعلوم شخص نے ان کے شوہر پر فائرنگ کی ہے، پولیس کی جانب سے بلائے جانے پر آئی ہوں۔ تاحال جھگڑے اور فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا

Comments are closed.