فواد چودھری کی جہالت ہے جوخود کو سائنس کا امام سمجھتے ہیں، مفتی منیب

کراچی: عید کے چاند کے معاملے پر چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان اور وفاقی وزیر سائنس فواد چوہدری کے درمیان لفظی جنگ تیزہوگئی،مفتی منیب کا کہنا ہے کہ چاند کا سائز دیکھ کر تاریخ کا تعین فلکیات کی کون سی سائنس ہے۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ فواد چودھری کی جہالت ہے جو اپنے آپ کو سائنس کا امام سمجھتے ہیں۔ وزیرسائنس نے کہا تھا کیا یہ پہلی کا چاند ہے؟ کیا سورج کے غروب ہونے کے بعد اتنی دیر چاند سر آسماں رہتا ہے؟ عوام خود فیصلہ کر لیں۔

انہوں نے کہا یہ کونسی کتاب میں لکھا ہے کہ چاند کے سائز سے تاریخ کا تعین کیا جائے۔ فواد صاحب، یہ سائنس اور مذہب دونوں اعتبار سے پہلی کا چاند تھا۔ قمری ماہ کی 29 تاریخ کو اگر چاند غروبِ آفتاب کے بعد موجود ہے،لیکن نظر نہ آئے تو مہینہ 30 کا قرار پائے گا۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئےمفتی منیب نے کہا کہ مگر اگلی شام تک اس کی عمر 24 گھنٹے بڑھ جائے گی۔ اس لئے نسبتا وہ بڑا نظر آئے گا، یہ فواد چودھری کی جہالت ہے، اس سے پہلے فواد چودھری نے سوشل میڈیا پر چاند کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا۔کیا یہ پہلی کا چاند ہے؟ کیا سورج کے غروب ہونے کے بعد اتنی دیر چاند سر آسماں رہتا ہے؟ عوام خود فیصلہ کر لیں۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے بھی ایک تجویز دی تھی کہ ہمسایہ ممالک میں رویت کے اعلان پر پاکستان میں بھی اعلان کیا جائے، انہوں نے کہا ٹیکنالوجی کے استعمال اور رویت ہلال کمیٹی دونوں کو لے کر آگے بڑھا جائے،فواد چودھری اور رویت ہلال کمیٹی کے درمیان تنازعہ ختم ہونا چاہیے۔

Comments are closed.