کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے وفاق اور سندھ حکومت کی مشترکہ کمیٹی کے قیام کی تردید کردی اور کہا کہ ابھی صرف بات ہوئی ہے، کمیٹی بنی نہیں، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے اختیارات میں کسی کو حصہ دار نہیں بنائیں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ دنوں سے آئین کو پامال، ملک کو نقصان پہنچانے کی باتیں ہو رہی ہیں، ایسے لوگ ملک دشمن ہیں، سندھ ہماری ماں ہے، جو ماں کے ٹکرے کی بات کرے گا اس کے سامنے کھڑے ہوجائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کسی حالت میں سندھ حکومت کی ایگزیکٹیو پاور (اختیارات) کسی کے ساتھ شیئر نہیں کریں گے۔کراچی پر وفاق سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا اور نہ ہی کمیٹی بنی ہے بلکہ صرف بات ہوئی ہے، ایگزیکٹو رول کیلئے سیاسی جماعتوں کی کمیٹی نہیں بنائی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے اختیارات کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کرنے دیں گے، جس کے دماغ میں خناس ہے وہ نکال دے۔ کچھ لوگ کہتے تھے ہم آپ کے ساتھ بیٹھنا پسند نہیں کریں گے، لیکن آج وہی لوگ ہمارے ساتھ بیٹھنے کیلئے تڑپ رہے ہیں۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ ایک وقت تھا جب مجھے بلایا ہی نہیں جاتاتھا اور اب وفاق خود ہم سے بات کرنے کو تیار ہے، ایگزیکٹو رول سیاسی جماعتوں نہیں حکومتوں کا کام ہے، اگر کمیٹی بنے گی تو وفاقی اور سندھ حکومت کی ہوگی۔
Comments are closed.