مسلم لیگ ن بڑی جماعت ہے، جب انتخابات ہوئے بھاری اکثریت سے جیتیں گے، شہباز شریف
سابق حکمران جماعت کی خرابی کو درست کرنے میں وقت لگتا ہے، ہم نے پاکستان اور معیشت کو سنبھال لیا ہے، ہر طرح سے معاملات کنٹرول میں ہیں، فکر کی کوئی بات نہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی اجلاس سے گفتگو
لاہور : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب بھی الیکشن ہوئے بھاری اکثریت سے جیتیں گے، مسلم لیگ ن مضبوط اور بڑی جماعت ہے، کوئی بھی اسے ختم نہیں کرسکا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے زیر سربراہی اجلاس میں موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں پارٹی کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے پارٹی عہدیداروں کو ٹاسک دیئے گئے۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو خطرناک صورتحال پر پہنچایا، ہم نے آنے کے بعد ملک کو سنبھالا دیا، مسلم لیگ ن ایک مضبوط اور بڑی جماعت ہے اس کو کوئی بھی ختم نہ کر سکا، جب بھی انتخابات ہوں گے مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالیں، ہمیں غریب عوام کا احساس ہے، ہماری کوشش ہے کہ ایسے قدم اٹھائیں جس سے غریب آدمی کو نقصان نہ ہو۔آئی ایم ایف سے معاملات جلد حل ہو جائیں گے، معاشی معاملات سےنمٹنے کے لئے تمام پلان موجود ہیں، ہم عنقریب معاشی بحرانی کیفیت سےنکل جائیں گے، مہنگائی پر بہت جلد قابو پالیا جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق حکمران جماعت کی خرابی کو درست کرنے میں وقت لگتا ہے، ہم نے پاکستان اور معیشت کو سنبھال لیا ہے، ہر طرح سے معاملات کنٹرول میں ہیں، فکر کی کوئی بات نہیں۔
Comments are closed.