عدلیہ اور اداروں کی پراسرار خاموشی ملک کیلئے خطرہ ہے، مریم اورنگزیب

لاہور : مسلم لیگ ن کی رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار چھن جانے کی وجہ سے ہوش و حواس کھو بیٹھے ہیں، پتھروں سے لیس شخص ریاست پر حملہ آور ہوا، عدلیہ اور اداروں کی پراسرار خاموشی ملک کیلئے خطرہ بن رہی ہے۔

ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے 4 سال سیاسی دہشتگرد والا کردار ادا کیا، عمران خان اقتدار کے چھن جانے سے پاگل ہوچکے ہیں، عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے، ان کے پاس جواب نہیں اس لیے پورے ملک کو جلا رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے عوام سے کیے گئے تمام وعدے جھوٹ تھے، یہ شخص چور بھی ہے اور جھوٹا بھی، جو حکومت کہہ رہی تھی کل عوام نے وہ سب کچھ دیکھا، ہم کہہ رہے تھے یہ ریاستی رٹ کے اوپر حملہ آور ہوں گے، کل یہ ہتھیاروں سے لیس، جتھوں سے لیس ہو کر اسلام آباد پہنچے۔پولیس عدالتی احکامات پر عمل کروا رہی تھی، آج کورٹس میں پتھر برسائے جا رہے ہیں، عمران خان آج ملک کو ٹکڑے ٹکڑے کر رہا ہے، یہ شخص آج عدالتوں سے ریلیف کا بنڈل پیکج لے کرجا رہا ہے، آج اس دہشتگرد کو کوئی پکڑنے والا نہیں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا عمران خان عدالت پیش نہیں ہوں گے کیونکہ ان کے پاس جواب نہیں ہے، آج بھی عمران خان ٹوئٹ کے ذریعے یہ بتا رہے ہیں کہ میں سب کو اپنی جوتی کے نیچے سمجھتا ہوں، اگر ایسا ہوتا رہا تو پاکستان میں جنگل کا قانون ہوگا۔کل عمران خان کے گھر سے کلاشنکوف، غلیلیں اور ڈنڈے نکلے ہیں، نواز شریف کی بیٹی کے گھر میں نیب فورس گئی تھی تو کیا اندر سے بم برآمد ہوئے تھے؟، عمران خان ایک دہشتگرد ہے، اس کی ذہنیت دہشتگردانہ ہے، یہ عدالتوں کو دھمکاتے ہیں تاکہ ان پر فرد جرم عائد نہ ہو۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تاریخ میں سب سے تیز ریلیف عمران خان کو ملا، پرسوں دیکھا گیا 8 منٹ میں عمران خان کی 8 ضمانتیں منظور ہوئیں، عدالتی تاریخ میں ایسی سہولت کسی کو نہیں دی گئی، ایک دہشتگرد کی سہولت کاری کی جا رہی ہے، آج عدالت کیلئے سوالیہ نشان ہے، آج ملک میں جو جنگل کا قانون ہے اس کا ذمہ دار عمران خان ہے۔

Comments are closed.