این اے 245 کا ضمنی انتخاب: اے این پی کا ایم کیو ایم کی حمایت کا اعلان

کراچی : عوامی نیشنل پارٹی نے سندھ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی حمایت کا اعلان کردیا۔

اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید نے ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےاعلان کیا کہ اے این پی این اے 245 کے انتخاب میں ایم کیو ایم کو سپورٹ کرے گی اور بلدیاتی انتخابات میں بھی ہم ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔

شاہی سید نے کہا کہ ہم بااختیار بلدیاتی نظام چاہتے ہیں، میئر کے پاس اختیار ہی نہ ہو تو اس سے گلہ کیا کریں گے؟ ہماری کوشش ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں زیادہ سے زیادہ سیٹیں نکالیں۔ اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھاکہ این اے 245 میں عوامی نیشنل پارٹی مکمل طور پر ایم کیو ایم کو سپورٹ کرے گی اور حمایت کرنے پر اے این پی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔وسیم اخترکا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن میں بھی جہاں ضرورت ہوگی ہم ساتھ کھڑے ہوں گے  اور ہم مل کر صوبے، شہر اور ملک کیلئے امن کا پیغام دیں گے۔

سال 2018 کے عام انتخابات میں کراچی سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی اس نشست پر ضمنی الیکشن 27 جولائی کو ہوگا۔

Comments are closed.