اسلام آباد: نیب نے اختیارات کے ناجائز استعمال اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزام میں سابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، سابق چیئرمین ایف بی آر عبداللہ یوسف، سابقہ چیئرمین ایف بی آر سلمان صدیق اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارنس کر دی ۔
نیب کراچی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر نجف قلی مرزا کی سربراہی میں نیب کراچی کے ریجنل بورڈ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں مختلف شکایات، انکوائریز اور تفتیش پر تبادلہ خیال کیا گیا، ریجنل بورڈ نے دو ریفرنسز دائر کرنے اوردو شکایات کو انکوائریز میں تبدیل کرنے کی سفارش کی، نیب کا کہنا ہے کہ ان تمام مقدمات میں خزانے کوکروڑوں روپے کا نقصان پہنچایاگیاہے ۔
نیب اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بورڈ نے بورڈ آف ریونیو کے افسران وعہدیداران اور دیگر کے خلاف بھی ر یفرنس دائر کرنے کی سفارش کی ہے ، ملزمان سابق وزیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ ، سابق چیئر مین ایف بی آر عبداللہ یوسف، سابق چیئر مین ایف بی آر سلمان صدیق اور دیگر اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ہیں، ملزمان نے سرکاری خزانے کو 11 ملین امریکی ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے۔
نیب کےمطابق بورڈ نے لینڈ یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ، بورڈ آف ریونیو کے افسران و عہدیداران اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کی، سابق ممبر لینڈ یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ ملزم غلام مصطفی پھل، ڈپٹی کمشنر اور ای ڈی او آصف میمن اور دیگر قیمتی سرکاری زمین کو کوڑیوں کی نرخ غیر قانونی الاٹمنٹ اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ہیں، ملزمان نے خزانے کوکروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بورڈ نے ڈپٹی کمشنر، ضلع غربی کراچی ملزم فیاض سولنگی اور دیگر کیخلاف انکوائری کی اجازت دی، ملزم فیاض سولنگی کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث ہے۔
Comments are closed.