پاکستانی افواج دشمن کے مذموم ارادوں سے آگاہ اور ان سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، نیول چیف

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہرطرح کے مذموم ارادوں سے آگاہ، ان سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت اور ہرقیمت پرتیار ہیں، امن اور دوستی کی ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی میں 114 ویں مڈشپ مین کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد ہوا جس میں امیرالبحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی مہمان خصوصی تھے۔ نیول چیف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ اپنے جدید اثاثوں کے ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی پانیوں میں ہمہ وقت موجود اور تیار ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے امیرالبحر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اپنے ہمسایوں کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے،ہماری امن اور دوستی کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔پاکستان کی مسلح افواج ہرطرح کے مذموم ارادوں سے آگاہ، ان سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت اور ہرقیمت پرتیار ہیں۔

 ترجمان کے مطابق پاسنگ آوٹ پریڈ میں 102 پاکستانی جبکہ دوست ممالک سے تعلق رکھنے والے  64 افسران نے کمیشن حاصل کیا۔ مڈ شپ مین محمد حسن جلال نےاعزازی شمشیرحاصل کی، مہمان خصوصی نے کمیشن حاصل کرنے والے افسران کو مبارک دی اورنمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔

Comments are closed.