اسلام آباد: سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی مشکلات ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہیں، قومی احتساب بیورو نے ایف آئی اے کو نواز شریف کا نام سٹاپ لسٹ میں شامل کرنے کے لئے خط لکھ دیا۔
نیب راولپنڈی کی جانب سے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو لکھا خط ڈی جی ایف آئی اے کو موصول ہو گیا ہے، خط میں نیب نے مطالبہ کیا ہے کہ نواز شریف سزا یافتہ مجرم اور عدالتی مفرور ہیں، ان کے اشتہاری ہونے کا ریکارڈ امیگریشن سسٹم میں شامل کیا جائے۔
ایف آئی اے ذرائع نے نیوز ڈپلومیسی کے نمائندہ خصوصی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ نیب کے خط پر قانون کے مطابق مکمل عمل درآمد کیاجائے گا، واضح رہے کہ سٹاپ لسٹ میں کسی بھی شخص کا نام شامل کرنے کا مقصد اسے بیرون ملک سفر سے روکنا ہے۔
دوسری جانب نواز شریف کے اشتہاری ہونے کا معاملے پر نیب نے لاہور پولیس کو بھی خط ارسال کر دیا ہے، جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا اشتہار ہر تھانے میں ان کی تصویر کے ساتھ چسپاں کرنے اور رائے ونڈ میں ان کی رہائش گاہ کے باہر لگانے کی ہدایت کی گئی ہے اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ تھانے کے سرکاری ریکارڈ میں بھی وارنٹ گرفتاری کا اندراج کرانے کا کہا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی اشتہار کے ذریعے طلبی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اشتہار شائع ہونے کے ملزم 30 روز میں پیش ہوں۔ عدالت نے قرار دیا کہ اگر نواز شریف اشتہار شائع ہونے کے 30 روز کے اندر پیش نہ ہوئے تو انہیں اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔
Comments are closed.