میری نااہلی کے بدلے نوازشریف کی نااہلی ختم،یہ ڈیل چاہتے ہیں، عمران خان
پانامہ کا توشہ خانہ اور فنڈنگ کیس سے کوئی موازنہ نہیں بنتا،ڈیل نوازشریف کو دوسرا این آر او دینے کے مترادف ہے،حقیقی آزادی کی جدوجہد شروع ہوگئی ہے،میرجعفر اورمیر صادق کے بغیر سازش کامیاب نہیں ہوسکتی،بڑا کام کرنے کیلئے انسان کو اپنا خوف دور کرناہوگا،میرا موقف سامنے رکھنے والوں کوڈرایا دھمکایا جارہا ہے:زوم سپیس میں عوام سے گفتگو،لاہورمیں وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی،مونس الہٰی اورپارٹی قیادت کی ملاقاتیں
لاہور : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد شروع ہوگئی ہے۔میر جعفر اور میر صادق کے بغیر سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔بڑا کام کرنے کیلئے انسان کو اپنا خوف دور کرناہوگا۔پاکستان میں آج تاریخی مہنگائی ہے۔بیرونی سازش کے ذریعے ہماری حکومت گرائی گئی۔مجھے نااہل کرنے کیلئے توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ کیس سامنے لایا گیا ہے۔
زوم سپیس میں عوام سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ مجھے نااہل کرکے ڈیل کرناچاہتےہیں۔ڈیل یہ ہوگی کہ نوازشریف کی نااہلی ختم ہوجائے۔ملک کو اکٹھاکرنے والی واحد وفاقی جماعت کو کمزور کیا جارہا ہے۔پانامہ کا توشہ خانہ اور فنڈنگ کیس سے کوئی موازنہ نہیں بنتا۔ڈیل نوازشریف کو دوسرا این آر او دینے کے مترادف ہے۔پاکستان کو اس طرف دھکیل رہےہیں جو ہمارے دشمن چاہتےہیں۔کل کے جلسے میں ڈیل سےمتعلق مزید باتیں بتائوں گا۔
عمران خان سے لاہورمیں پارٹی قیادت نے ملاقات بھی کی۔اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پنجاب حکومت 25 مئی واقعے میں ملوث ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچائے گی۔ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کرنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ہمارے رہنماوں اور کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں۔پوری قوم حقیقت دیکھ رہی ہے امپورٹڈ حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کردیا۔پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کرے۔وزراء عوامی مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کریں۔
دوسری جانب عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی اور مونس الہٰی نے ملاقات کی۔باہمی دلچسپی و انتظامی امور۔سیاسی صورتحال اورعوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں کل کے جلسے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔عمران خان نے کاروباری مراکز کیلئےاوقات کار کی پابندی ختم کرنے کے اقدام کوسراہا۔
Comments are closed.