اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور وفاقی وزراء کی اٹھارویں آئینی ترمیم پر مسلسل تنقید قابل مذمت ہے۔اپنی نااہلیت اور ناکامیوں کا ملبہ اٹھارویں ترمیم پر ڈالنا مضحکہ خیزہے۔
سید نئیر حسین بخاری نے کہا ہےکہ نااہل حکمران اپنی ناکامی اور نااہلی چھپانے کے لئے کبھی صدارتی نظام تو کبھی اٹھارویں ترمیم کو رول بیک کرنے کے بیانات دیتے ہیں ، وزیراعظم کو پتہ ہونا چاہیے آدھی سے زیادہ موجودہ پی ٹی آئی ممبران اٹھارویں آئینی ترمیم کو ووٹ دئیے ہیں۔ اٹھارویں آئینی ترمیم کے ذریعے صوبوں کو حقوق دیکر انہیں بااختیار بنایا گیا پختونوں کو شناخت ملی اور آغاز حقوق بلوچستان ہوا۔
سیکرٹری جنرل پیپلزپارٹی نے کہاکہ یہ اٹھارویں ترمیم کا ہی ثمر ہے کہ مہلک کورونا وباء کے دوران سندھ حکومت نے لاکھوں شہریوں کی جانیں محفوظ بنانے کیلئے چین سے طبی امداد حاصل کی ہے ، اٹھارویں ترمیم کے خلاف بیانات صوبوں سے انکے آئینی حقوق چھیننے کے مترادف ہے۔پیپلزپارٹی اٹھارویں ترمیم کے خلاف تمام بیانات کو مسترد کرتی ہے، نیر بخاری کاکہنا تھاکہ اٹھارویں ترمیم کو رول بیک کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔
Comments are closed.