حکومت کا 2021 سے ملک بھر کے اسکولوں میں یکساں نصاب نافذ کرنے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے اپریل 2021 سے ملک بھر کے اسکولوں میں یکساں نصاب نافذ کرنے کا اعلان کر دیا، انہوں نے کہا کہ اگرحالات ٹھیک ہو گئے تو 15 ستمبر سے اسکول کھل جائیں گے۔

وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے اپنی وزارت کی دو سالہ کارکردگی کے حوالے سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپریل 2021 سے پہلی سے پانچویں تک ملک بھر میں یکساں نصاب لاگو کرنے کا عندیہ بھی دیا، تمام مدارس کو بھی رجسٹرڈ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کورونا کےباعث تعلیمی اداروں کے حوالے سے بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، اگرحالات ٹھیک ہو گئے تو 15 ستمبر سے اسکول کھل جائیں گے، میٹرک اور ایف اے میں بچوں کو ایک فارمولے کے تحت پروموٹ کیا ہے، کیمبرج کے رزلٹ کے حوالے سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا رہا جس پر کیمبرج سے بات کی جسے انہوں نے تسلیم کیا۔

وفاقی وزیر تعلیم و تربیت شفقت محمود نے کہا کہ عالمی وباء کی وجہ سے 7 اپریل کو ٹیلی اسکول کا اجرا کیا، لیکن بچوں کو انٹرنیٹ کے حوالے سے مشکلات کا سامنا رہا، جس کی وجہ سے اب پورے ملک میں انٹرنیٹ دینے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ پاکستان کی 72 سالہ تاریخ میں یکساں نصاب تعلیم کا اجرا نہیں ہو سکا تھا، اب پہلی سے پانچویں تک یکساں تعلیمی نصاب بن گیا ہے، تمام مکاتب فکر سے مشاورت کے بعد یہ نصاب بنایا گیا ہے، چھٹی سے آٹھویں تک کے نصاب پر بھی کام جاری ہے۔

شفقت محمود نے مزید کہا کہ ہنرمند پاکستان پروگرام کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے جس کے تحت ایک لاکھ 70 ہزار بچوں کو ہنر دینے کا منصوبہ ہے، احساس پروگرام کے تحت 50 ہزار بچوں کو اورایک ہزار نرسز کو اسکالرشپس دیں گے، آرٹ اینڈ کلچر کی ایجوکیشن کے لیے بھی ایک ہزار سے زائد اسکالرشپس دے چکے ہیں۔

Comments are closed.