چھاپہ نہ گرفتاری، وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے وارنٹ معطل
عدالت نے محکمہ اینٹی کرپشن کو وارنٹ گرفتاری پر تمام اقسام کی کارروائی سے روکتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وزیر داخلہ راناثنااللہ کی گرفتارنہ کیا جائے اور نہ ہی کوئی چھاپہ مارا جائے۔
راولپنڈی : لاہور ہائیکورٹ پنڈی بینچ نے رانا ثناء اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کردیئے۔ عدالت نے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کو ریکارڈ سمیت 17 اکتوبر کو طلب کرلیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ پنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی وارنٹ گرفتاری سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ رانا ثناء اللہ کی قانونی ٹیم نے دائر درخواست میں استدعا کی کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے غلط بیانی کرکے وارنٹ گرفتاری حاصل کئے جبکہ رانا ثناء اللہ ملک کے وزیر داخلہ ہیں اور روپوش نہیں ہوئے، مقدمہ سیاسی انتقامی کارروائی کا نتیجہ ہے اور اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، عدالت عالیہ نے رانا ثناءاللہ کے گزشتہ ہفتے سینئر سول جج راولپنڈی کی عدالت سے جاری ہونے والے وارنٹ گرفتاری کو معطل کردیئے اور اینٹی کرپشن کو ہر قسم کی کارروائی سے روکتے ہوئے ڈی جی اینٹی کرپشن کو ریکارڑ سمیت 17 اکتوبر کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
Comments are closed.