پاکستان نے افغانستان کے ساتھ تجارت کے فروغ کیلئے تازہ پھلوں کی درآمد پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا ہے، نمائندہ خصوصی برائے افغانستان صادق خان کہتے ہیں علاقائی تجارت و خوشحالی کیلئے مستحکم اور پرامن افغانستان ضروری ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو پاک افغان تجارت کے فروغ کیلئے افغانستان سے تازہ پھلوں کی درآمد پر سیلز ٹیکس ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،سیلز ٹیکس کی چھوٹ کا اطلاق ایسے پھلوں پر ہوگا جو پاکستان میں وافر مقدار میں پیدا نہیں ہوتے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد ارباب کا کہنا ہے کہ افغان تاجروں کو رعایتیں دینے سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، پاکستان کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان صادق خان کا کہنا ہے کہ علاقائی تجارت و خوشحالی کیلئے مستحکم اور پرامن افغانستان ضروری ہے۔
واضح رہے کہ پاک افغان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی ٹاسک فورس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے تیسرے اجلاس میں افغانستان کے تاجروں کو ٹیکس چھوٹ دینے، تجارت کے فروغ کے لئے افغانستان کی تکنیکی معاونت کی سفارش کی تھی، اس کے ساتھ ساتھ بنیادی اشیائے ضروریہ کی سپلائی جاری رکھنے کیلئے افغانستان کی مدد کرنے کی بھی تجویز دی گئی تھی۔
Comments are closed.