اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے طلبی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
توشہ خانہ سے قیمتی گاڑیاں تحفے میں دیئے جانے کے مقدمے میں طلبی کے خلاف نواز شریف کی جانب سے درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی، جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) بلاجواز نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کو نشانہ بنا رہا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیب نیب اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو نشانہ بنا کر حزب اختلاف کی آواز دبانا چاہتا ہے، یورپی یونین اور ہیومن رائٹس واچ نیب کی بےبنیاد کاروائیوں کو غیرقانونی قرار دے چکی۔
سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ وہ مفرور نہیں بلکہ ضمانت منظوری کے بعد بیرون ملک گئے، جہاں پر ان کا علاج جاری ہے۔ انہیں نمائندے کے ذریعے ٹرائل سامنا کرنے کی اجازت دی جائے،جب کہ احتساب عدالت کی کاروائی، اشتہار جاری کرنے کا حکم نامہ کالعدم قرار دیا جائے۔
Comments are closed.