اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کوٹ لکھپت جیل سے نون لیگی کارکنان کے لیے پیغام جاری کیا ہے ۔ اپنے پیغام نواز شریف نے کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ اپنے جذبات پر قابو رکھیں اور پارٹی قیادت کی اجازت کے بغیر کسی قسم کا احتجاج نہ کریں۔ کارکنان 23 مارچ کو صرف یوم پاکستان منائیں۔
پیغام ترجمان نون لیگ مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری کیا گیا۔ نواز شریف نے کارکنوں سے کہاکہ میں اپنی صحت کے حوالے سے قوم کی فکرمندی، دعاوں اور نیک تمناو ں کے لئے تہہ دل سے مشکور ہوں۔ مسلم لیگ نون کے کارکنان اور چاہنے والے جس طرح مشکل وقت میں ثابت قدم رہ کر میرا ساتھ نبھارہے ہیں، اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔ مجھے علم ہوا ہے کہ میری صحت کے حوالے سے فکرمند اور پریشان کارکن اپنے جذبات کے اظہار کے لئے اکٹھا ہونا چاہتے ہیں اورمیرے حق میں آواز اٹھانے کے لئے شاید کوئی احتجاج ترتیب دینا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی طرح کا فیصلہ کرنے سے پہلے پارٹی ہائی کمان کی ہدایات، پارٹی ڈسپلن کا احترام اور پارٹی پلیٹ فارم کا استعمال ضروری ہے۔۔ میں آپ سے التماس کرتا ہوں کہ 23 مارچ کو اپنے اپنے علاقوں میں صرف یوم پاکستان منائیں ، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کریں۔
نواز شریف نے کہاکہ میں اپنے چاہنے والوں کے جذبے کی بے حد قدر کرتا ہوں، مگر آپ سب سے اپیل ہے کہ میری طرح اللہ تعالی کی رحیم ذات پر بھروسہ رکھیں اورصبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ ان شاء اللہ کسی بھی امتحان کی صورت میں جماعت کارکنوں کے جذبات کی ترجمانی کرے گی اور ان کی امیدوں پر پورا اترے گی،میں، محمد نواز شریف کوٹ لکھپت جیل سے آپ کی محبت اور جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں۔
Comments are closed.