حکومت مخالف تحریک چلانے کا فیصلہ، عیدالاضحیٰ کےبعد اپوزیشن کی اے پی سی ہوگی

اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس عیدالاضحیٰ کے فوراً بعد ہوگی اس مرتبہ کل جماعتی کانفرنس کی میزبانی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کریں گے۔

اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف بھرپور تحریک کے لئے لائحہ عمل طے کرلیا۔ جس کے تحت عیدالاضحیٰ کے فوراً بعد اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس کا اسلام آباد میں انعقاد کیا جائے گا، اے پی سی کے میزبان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کانفرنس کی تاریخ کا حتمی اعلان کریں گے۔

کل جماعتی کانفرنس میں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں شریک ہوں گی۔ کانفرنس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے صدر اختر مینگل بھی شریک ہوں گے۔ کانفرنس میں حکومت کی 2 سال کی کارکردگی اور معاشی صورتحال کو زیر بحث لایا جائے گا۔

آل پارٹیز کانفرنس میں قومی احتساب بیورو (نیب) سمیت اپوزیشن کے خلاف حکومتی کارروائیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مجوزہ حکومتی آئینی ترامیم پر بھی غور کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی (ف) اور بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔

Comments are closed.