اسلام آ باد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات دنیا میں بے مثال ہیں ۔جمعہ کے روز چائنا میڈیا گروپ کی جانب سے چین کے قومی دن کی مناسبت سے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں شاندار ثقافتی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے ا حسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ،دنیا میں دو ممالک کے درمیان وہ واحد مثالی تعلقات ہیں جن میں کبھی خزاں کا شائبہ بھی نہیں ہوا۔ احسن اقبال نے کہا کہ دونوں ممالک کی یہ دوستی نہ صرف حکومتی سطح کی ہے بلکہ عوامی سطح کی بھی ہے۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کے چین نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا غیر مشروط ساتھ دیا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چین نے 75 سال میں جو کامیابیاں سمیٹی ہیں کرہ ارض میں ان کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ چین نے چار دہائیوں میں 80 کروڑ عوام کو غربت سے نجات دلا کرایک منفرد مثال قائم کی۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ چین نے چائنیز سٹائل آف ڈویلپمنٹ اپنا کر دنیا میں اپنا مقام پیدا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ،چین کے طرح اپنی پالیسیز میں تسلسل پیدا کرکے اوراصلاحات متعارف کروا کے ترقی کے سفر کی طرف گامزن ہو سکتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر برائے قومی ثقافت و ورثہ سید جمال شاہ نے کہا کہ چین نے اپنے نوجوانوں پر خصوصی توجہ دی ، جس کے نتیجے میں چین سائنس وٹیکنالوجی کے میدان میں بے حد کامیاب ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سابق سفیرسید حسن جاوید نے چینی عوام کو ان کے قومی دن کی مبارکباد پیش کی ۔ حسن جاوید نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں ایسی ترقی کی مثال نہیں ملتی ،جو چین نے 40 سال میں کی ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن اکادمی ادبیات پاکستان نجیبہ عارف نے کہا کہ اکادمی ادبیات پاکستان نے 2009 میں چین کے مشہور ادب اور شاعری کے کام کو اردو میں مرتب اور شائع کیا ۔ تقریب کے دوران وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس لغاری، وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ، وفاقی وزیر برائےانفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے وڈیو پیغام میں چینی عوام کو ان کے قومی دن پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران سی جی ٹی این اردو کی جانب سے تیار کردہ ڈاکیومنٹریز پیش کی گئیں، جن میں چین کی سماجی اور اقتصادی ترقی کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب میں پاکستان کے چاروں صوبوں کا ثقافتی رقص پیش کیا گیا جبکہ دلکش چینی ثقافتی رقص کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ تقریب کا اختتام گلوکارہ ڈاکٹر مبشرہ حفیظ کی جانب سے پیش کی گئی پرجوش موسیقی پر ہوا ،جس سے شرکاء خوب لطف اندوز ہوئے۔
Comments are closed.