راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج ملکی سلامتی کو درپیش ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا، انہوں نے اگلے مورچوں پر موجود افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کور کمانڈر راولپنڈی نے لائن آف کنٹرول پر آرمی چیف کا استقبال کیا اور صورتحال پر بریفنگ دی، آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول پر تعینات فارمیشنز کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ہدایت کی کہ مقامی آبادی سے ہر طرح کا تعاون کیا جائے، پُرعزم رہیں اور اپنے فرائض جذبہ اور لگن سے انجام دیں، آرمی چیف نے افسران و جوانوں کے بلند حوصلہ اور زبردست آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج مسئلہ کشمیر کے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کی بھرپورحمایت کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مادر وطن کی سرحدوں، سلامتی اور دفاع کے لیے پاک فوج پُرعزم ہے۔
Comments are closed.