پاک چین دوستی دونوں ممالک کے عوام کا تاریخی انتخاب قرار

وزیراعظم کی چینی صدر،وزیر اعظم ،چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی سے الگ الگ ملاقاتیں،دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہیں اور عوام پاک چین دوستی کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان نے تائیوان، بحیرہ جنوبی چین، ہانگ کانگ، سنکیانگ اور تبت کے مسائل پر ون چائنا پالیسی کی حمایت کا اظہار کیا، مشترکہ اعلامیہ

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف چین کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے۔بیجنگ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر چینی اور پاکستانی سفارت خانے کے حکام نے وزیر اعظم کو رخصت کیا۔ دورے کے دوران کئی ایک اہم معاہدوں اور یاداشتوں پر دستخط ہوئے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کا مشترکہ اعلامیہ جاری  کردیا ہے،وزیراعظم کی چینی صدر،وزیر اعظم ،چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئی، ملاقاتوں میں پاک چین اسٹریٹجک پارٹنرشپ مزید مضبوط کرنے اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ پاک چین دوستی دونوں ممالک کے عوام کا تاریخی انتخاب قرار دیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے چین کی ترقی اورخوشحالی میں چینی قیادت کے کردار اور عالمی حکمرانی کے فلسفے کی تعریف کی، چینی رہنماؤں نے پاک چین دوستی کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کی دیرینہ وابستگی کو سراہا۔ وزیراعظم پاکستان نے پاک چین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مضبوط کرنے اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان اور چینی قیادت نے دو طرفہ تعلقات کے ساتھ علاقائی صورتحال اور بین الاقوامی سیاسی منظر نامے پر بھی تبادلہ خیال کیا اور عالمی چیلنجز میں قریبی تعاون پر اتفاق کیا۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہیں اور عوام پاک چین دوستی کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان نے تائیوان، بحیرہ جنوبی چین، ہانگ کانگ، سنکیانگ اور تبت کے مسائل پر ون چائنا پالیسی کی حمایت کا اظہار کیا۔ چین نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی، سماجی و اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے چین کی جانب سے بروقت امداد کو سراہا۔ پاکستان اور چین نے وزیر خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جلد آئندہ اجلاس کرنے ،اسٹریٹجک پارٹنر شپ مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعظم نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

Comments are closed.