انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان کی جانب سے عالمی یوم انجینئرنگ کے موقع پرسیمینار کا انعقاد

اسلام آباد: انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان (راولپنڈی، اسلام آباد سنٹر)نے یونیسکو کے عالمی یوم انجینئرنگ کو ”صحت مند سیارے کیلئے انجینئرنگ” کے عنوان سے منایا۔آئی ای پی آر آئی سی میں ایک خصوصی سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصد اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نوجوان انجینئرز کو اس بات سے آگاہ کرنا تھا کہ انجینئرنگ کے شعبے میں کوالٹی ورک کے متعین معیارات کو کیسے برقرار رکھا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر سابق ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن انجینئر ڈاکٹر اکرم شیخ مہمان خصوصی تھے۔ چیئرمین آئی ای پی۔آر آئی سی حافظ ایم احسان الحق قاضی، سیکرٹری آئی ای پی، آرآئی سی انجینئر نجم الدین، انجینئر بریگیڈیئر (ر) فیاض حسین شاہ نے صحت مند سیارے کیلئے انجینئرنگ سے متعلق مقالے پڑھ کر سنائے۔انہوں نے کہا کہ انجینئرز کی اہم شراکت کو منانے کے لئے عالمی یوم انجینئرنگ ڈے ایک مناسب موقع ہے۔عالمی آب و ہوا کی تبدیلی نے ماحول پر پہلے ہی منفی اثرات مرتب کیے ہیں جس کے لئے ماحولیاتی نظاموں کے بین الاقوامی معیار کو بروئے کار لا کر ایک مستحکم ریگولیٹری فریم ورک بنانے کی کوشش کی جانی چاہئے۔

مہمان خصوصی ڈاکٹر اکرم شیخ نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف بالخصوص ترقی پذیر ممالک میں حاصل کرنے کے لئے انجینئرنگ کے بہت سارے طریقوں پر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے آب و ہوا کی تبدیلی ، ماحولیاتی امور کے اثرات کے بارے میں شعور کو اجاگرکرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی یوم انجینئرنگ کے موقع کو نوجوانوں میں یہ شعور بیدار کرنے کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے کہ اگر آپ دنیا کو بہتر طور پر تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو انجینئر بنیں۔

Comments are closed.