پاکستان نے یواین کی انسداد دہشتگردی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کا بے بنیاد پروپیگنڈہ مسترد کردیا

بھارت پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے انسداد دہشتگردی کے عالمی فورمز پر سیاست کررہا ہے۔ بھارت نے عالمی برادری کو دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے کردار کے بارے میں گمراہ کیا ۔بھارت کی ہتک آمیز حرکتیں پاکستان کے مقاصد اور مینڈیٹ کو نقصان پہنچاتی ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد : پاکستان نے یواین کی انسداد دہشتگردی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کا بے بنیاد پروپیگنڈہ مسترد کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہےکہ ممبئی میں انسداد دہشت گردی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان مخالف بے بنیاد پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں یہ افسوسناک ہے کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک اہم کمیٹی کا غلط استعمال کیا  ۔بھارت نے عالمی برادری کو عالمی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار کے بارے میں گمراہ کیا ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی ہتک آمیز حرکتیں کمیٹی کے مقاصد اور مینڈیٹ کو نقصان پہنچاتی ہیں جو قابل مذمت ہیں ۔بھارت نے جان بوجھ کر ممبئی حملہ کیس کی عدالتی کارروائی کو روکا ہوا ہے۔بھارتی حکومت کو ممبئی کیس کی قانونی کارروائی کو غیر منصفانہ طور پر طول دینے کی کوششوں کے لیے جوابدہ ہونا چاہیے ۔بھارت صرف پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے انسداد دہشت گردی کے بین الاقوامی فورمز پر سیاست کررہا ہے۔ دوسرے ممالک کی سرزمین پاکستان مخالف استعمال کررہا ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں رنگے ہاتھوں پکڑا جانے والا بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پاکستان کے اندر تخریب کاری میں ملوث تھا  ۔کلبھوشن کا دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونا، بھارت کے خلاف زندہ ثبوت ہے۔ ٹی ٹی پی اور دیگر بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ بھارت کا تعاون بھی مشہور ہے۔

Comments are closed.