پاکستان فیفا ورلڈ کپ 2022 کی سیکیورٹی فراہم کرے گا
وزیراعظم شہباز شریف کا دو روزہ سرکاری دورہ قطر، دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری سمیت ایل این جی معاہدوں کا امکان
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورہ قطر پر آج دوحہ پہنچیں گے۔ دورے کے دوران وزیر اعظم اعلیٰ قطری قیادت سے ملاقات کریں گے اور توانائی ،تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق اہم معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے ۔ فیفا ورلڈ کپ2022 کی سیکیورٹی کیلئے معاونت فراہم کرنے کابھی معاہدہ کیا جائے گا۔
امیر قطر کی دعوت پر وزیر اعظم کا شہباز شریف کا یہ پہلا سرکاری دورہ قطرہوگا، وزیر اعظم کے ساتھ کابینہ کے اہم ارکان اور اعلیٰ سطح وفد بھی جائے گا۔دورے کے دوران وزیراعظم قطری قیادت سے تفصیلی مشاورت کریں گے اور توانائی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ نے قطر کے ساتھ فٹ بال ورلڈ کپ سیکیورٹی معاہدے سے متعلق سمری کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری دی ہے ۔ وزیر اعظم کے دورہ قطر میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع تلاش کرنے پر بھی بات چیت ہوگی ۔
اس سے قبل وفاقی کابینہ نے وزیر اعظم کے دورہ قطر سے قبل ایل این جی پالیسی2011 میں بڑی تبدیلیوں کی بھی منظوری دی تھی ۔ منظوری کے تحت نئے ایل این جی ٹرمینلز کیلئے لازمی تھرڈ پارٹی رسائی ختم کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔فیصلے سے ملک میں ایل این جی کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے میں مدد ملے گی اور ایل این جی میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
Comments are closed.