ملک بھر میں 75واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا، دن کے آغاز پر وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہوا۔
مختلف شہروں میں یوم آزادی کی مناسبت سے ریلیاں بھی نکالی جارہی ہیں۔ یوم آزادی تقریبات کے سلسلے میں قومی پرچم، جھنڈیاں اور بینرز جگہ جگہ آویزاں کئے گئے ہیں۔
یوم آزادی پر مختلف شہروں میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ گلی گلی گلیوں، شاہراوں اور سرکاری عمارات کو برقی قمقموں سے سجادیا گیا۔ نوجوان سبزہلالی پرچم لئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔
کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب ہوئی۔ مزار قائد پر پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے، اعزازی گارڈز میں دو خواتین کیڈٹس بھی شامل تھیں۔ کمانڈنٹ نیول اکیڈمی کموڈورمحمد خالد تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈ زکی تبدیلی کی پر وقار تقریب ہوئی۔ رینجرز کی جگہ پاک فوج کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے اور مزار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی گئی۔
کراچی میں یوم آزادی پر آسمان روشنیوں سے جگمگا اٹھا، سی ویو اور فائیو اسٹار چورنگی پر شہریوں نے بڑی تعداد میں جشن منایا۔ آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا اور ملی نغمے بھی پیش کیے گئے۔
پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر دن کے آغاز پر اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
Comments are closed.