پاکستان کی پارلیمان کے 78 سال مکمل ، پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کا بانیانِ پاکستان اور جمہوریت پسند قوتوں کو خراجِ عقیدت

پاکستان کی پارلیمان کے قیام کو 78 برس مکمل ہونے پر پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (PRA) پاکستان نے بانیانِ پاکستان، دستور ساز اراکین اور تمام جمہوریت پسند قوتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ پی آر اے کے مطابق قانون ساز اسمبلی کا قیام بانیانِ پاکستان کی جمہوری سوچ اور عوامی نمائندگی کے عزم کا واضح ثبوت تھا۔

پارلیمان: جمہوریت کا تناور درخت

بیان میں کہا گیا کہ 1947 میں بویا گیا یہ جمہوری پودا اب ایک تناور درخت کی صورت اختیار کر چکا ہے، جس کی چھاؤں میں پاکستان کی جمہوریت ترقی کی جانب گامزن ہے۔

عوام کی آواز اور قومی یکجہتی کی ضمانت

پی آر اے کے صدر عثمان خان، سیکرٹری نوید اکبر اور دیگر عہدیداروں نے کہا کہ آئین کی حکمرانی اور پارلیمان کی بالادستی ہی قومی ترقی، خوشحالی اور یکجہتی کی ضمانت ہے۔ پارلیمان 25 کروڑ عوام کی آواز اور ان کی ترجمان ہے۔

نوجوانوں کو پارلیمانی عمل سے جوڑنے کی ضرورت

پی آر اے نے نوجوانوں کو پارلیمانی عمل سے جوڑنے کے لیے جاری اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پارلیمانی نظام کے تسلسل اور سیاسی استحکام کے بغیر کوئی قومی ترقی ممکن نہیں۔

پیشہ ورانہ وابستگی کا اعادہ

تنظیم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صحافیوں کی نمائندہ تنظیم پارلیمانی معاملات کی شفاف، غیر جانبدار اور بروقت رپورٹنگ کے ذریعے اس جمہوری ادارے کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ وابستگی برقرار رکھے گی۔

Comments are closed.