پارلیمنٹ لاجز:پی ٹی آئی ارکان کے کمروں کے تالے توڑ کر سامان باہر
مجسٹریٹ سٹی کی زیرنگرانی انتظامیہ اورسی ڈی اے اہلکاروں کا پارلیمنٹ لاجز میں آپریشن،فرخ حبیب، ظہور احمد قریشی سمیت پانچ ممبران کے لاجز کے تالے توڑ کر سامان باہر نکال دیا گیا، 8 ممبران نے رضاکارانہ طور پر کمروں کی چابیاں سی ڈی اے حکام حوالے کر دیں،شاندانہ گلزار نے مہلت مانگ لی
اسلام آباد : قومی اسمبلی سے تحریک انصاف کے ڈی نوٹیفائی ہونے والے ممبران سے پارلیمنٹ لاجز کے کمرے خالی کرانے کیلئے انتظامیہ نے آپریشن کیا۔فرخ حبیب، ظہور احمد قریشی سمیت پانچ ممبران کے لاجز کے تالے توڑ کر سامان باہر نکال دیا گیا، 8 ممبران نے رضاکارانہ طور پر کمروں کی چابیاں سی ڈی اے حکام حوالے کر دیں۔
مجسٹریٹ سٹی غلام مرتضیٰ چانڈیو کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے اہلکار آپریشن میں شریک ہوئے۔تھانہ سیکرٹریٹ کی پولیس اور لیڈیز پولیس اہلکار بھی آپریشن میں شامل رہیں۔فرخ حبیب اور ظہور احمد قریشی، و دیگر دو پی ٹی آراکین کے کمروں کے تالے توڑ کر سامان باہر نکالا گیا۔شاندانہ گلزار کو لاج خالی کرنے کیلئے مہلت مانگ لی۔
سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ 8 سابق اراکین نے کمرے رضاکارانہ طور پر خالی کرکے چابیاں سی ڈی اے حکام کے حوالے کردیں، کچھ ممبران نے کمرے خالی کرنے کیلئے مہلت مانگ لی ۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی ہدایت پر ڈی نوٹیفائی ہونے والے ممبران کو 24 جنوری کو نوٹسسز جاری کیے گئے۔ممبران کو دی گئی 7 دن کی مہلت ختم ہونے کے بعد آپریشن شروع کیا گیا۔انتظامیہ کو کسی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔پہلے مرحلے کا آپریشن کسی مزاحمت کے بغیر مکمل کرلیا گیا، لاجز میں دوسرا آپریشن سوموار کو کیے جانے کا امکان ہے۔
Comments are closed.