پی ڈی ایم کا مہنگائی کےخلاف ملک گیر احتجاج کا آغاز،راولپنڈی میں پاورشو

 راولپنڈی : پی ڈی ایم کے اعلان کے مطابق اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں کے کارکنوں نے ملک میں مہنگائی پر حکومت کے خلاف راولپنڈی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں جے یو آئی (ف) اور مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے کے دوران حکومت کے خلاف آٹا چور ، بجلی چور اور گیس چور حکومت کے نعرے لگائے گئے۔ مسلم لیگ (ن) کی خواتین کارکنان نے مری روڈ پر دھرنا دے دیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک کی معیشت کا جنازہ نکال دیا گیا ہے، ملک کی سلامتی کو تماشا بنا دیا گیا، حکومت نے عوام کے پاس چینی، دوائی، آٹااور بچوں کی فیسیں دینے کے پیسے نہیں چھوڑے، یہ ملک ان چوروں کا متحمل نہیں ہوسکتا، ان نالائقوں کو اب گھر جانا ہوگا، انہیں ووٹ دینے والے بھی اب پریشان اور انھیں بددعائیں دے رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن پنجاب کے نائب صدر حینف عباسی اور میئر راولپنڈی سردار نسیم نے کہاکہ نئے انتخابات تک حکومت کا پیچھا کرینگے۔ احتجاج کے باعث مری روڈ اور اس کے ا طراف کی سڑکوں پر کئی گھنٹوں تک شدیدٹریفک جام رہا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے 20 اکتوبر سے مہنگائی کے خلاف احتجاج کی کال دے رکھی تھی جبکہ پیپلز پارٹی نے بھی احتجاج کا اعلان کیاہے۔

Comments are closed.