کشمیریوں نے کربلا کی طرح مقبوضہ کشمیر کو معرکہ حق و باطل کی مثال بنا دیا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے کربلا کی طرح مقبوضہ جموں کشمیر کو معرکہ حق و باطل کی مثال بنا دیا۔

یوم عاشور پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج مسلمان حضرت امام حسینؓ کی لازوال قربانی کی یاد تازہ کررہے ہیں، جذبہ شبیریؓ ایمان و یقین، سچائی، اصول پسندی کی روایت کو جلا بخشتا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ راہ حق میں ہر پریشانی کو خندہ پیشانی سے قبول کرنا اسوہ حسینؓ کا پیغام ہے۔ اسلامی اقدار کے لیے کسی قربانی کو راہ خدا میں نچھاور کردینا ہی کامیابی ہے، جذبہ قربانی سے ہم اپنے وطن اور اقوام عالم میں قابل ذکر کردار ادا کرسکتے ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مظلوم کشمیریوں نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنت امام حسینؓ کو زندہ رکھا، کشمیریوں نے کربلا کی طرح کشمیر کو معرکہ حق و باطل کی عظیم مثال بنادیا۔

Comments are closed.