اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پورا مافیا ایک طرف کھڑا ہے، لوٹ مار کا بازار ختم کر کے غریب کے حالات بہتر کرنا چاہتے ہیں،سینیٹ ہو یا نیشنل اسمبلی ،ترجیح عوامی مفاد ہے۔ وزیراعظم نے حکومتی اور اتحادی اراکین کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں اراکین اسمبلی کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
ظہرانے میں ایم کیو ایم، مسلم لیگ ق، بلوچستان عوامی پارٹی کے وفود اور شاہ زین بگٹی کی شر کت جبکہ مہمانوں کی پلاو، سیخ کباب، قورمہ اور دال سے تواضع کی گئی ہے ۔
ظہرانے کے موقع وزیر اعظم عمران خان اور اسلام آباد سے سینیٹ کی جنرل نشستوں کے لیے حکومتی اتحاد کے دونوں امیدواروں وفاقی وزیر اعبد الحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد نے خطاب کیا،وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ مجھے اپنی ٹیم پر اعتماد ہے، انشاء اللہ کامیاب ہونگے،ہمارا مشن فلاحی ریاست کا قیام ہے ، مافیا کو شکست دیں گے ۔ سینیٹ میں اکثریت حاصل کرکے عوامی مفاد کی قانون سازی کریں گے ۔
وزیر اعظم عمران خان کاکہنا تھاکہ اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن جیتنے کے لیے ہر حربہ استعمال کررہی ہیں،میں اسی لیے سینیٹ انتخابات کےلیے اوپن ووٹنگ کا حامی تھا،ہمارے اراکین سے رابطے ہورہے ہیں مگر ہم متحد ہیں، اپوزیشن کی جانب سے پیسے اور لالچ کے باوجود سینیٹ انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے بھی ملاقات کی ۔ملاقات میں سینٹ انتخابات سمیت حلقوں کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور مشیر خزانہ حفیظ شیخ بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی جانب سے سامنے لائے گئے عوامی مسائل حل کریں گے،پہلی مرتبہ پسماندہ علاقوں کو زیادہ ترقیاتی منصوبے دئیے جارہے ہیں۔ وزیراعظم سے خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم وفد نے بھی ملاقات کی ۔
Comments are closed.