یہ مجھے جانتے نہیں،حکومت بھی چلی جائے احتساب پر سمجھوتہ نہیں کروں گا، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کے لیے عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے، یہ مجھے جانتے نہیں، میری حکومت بھی چلی جائے تو احتساب پر سمجھوتہ نہیں کروں گا ۔ سیاسی مافیا کو کوئی این آر او نہیں ملے گا۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کے لیے عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے،اپوزیشن کو تصادم کا موقع فراہم نہیں کریں گے، انہیں خوف ہے کہ حکومت چلتی رہی تو انکے کارنامے سامنے آتے رہیں گے، اس لیے سارے ملکر زور لگا رہے ہیں کہ حکومت چلی جائے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ اپوزیشن رہنماوں کے خاندان باہر بیٹھے ہیں ، یہاں عوام کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کررہے ہیں، اپوزیشن مینار پاکستان پر دس جلسے کرلے ، حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، ہمیں صرف عوام کی فکر ہے، جلسے کو سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف مقدمات قائم کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے واضح کیاکہ ہر جگہ قبضہ مافیا کے پیچھے سیاسی لوگوں کا ہاتھ ہے، سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔

Comments are closed.