اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور کے بیان پر چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا اور کہا ہے کہ واجب القتل وہ لوگ ہیں جہنوں نے ملک میں روٹی 20 روپے کی کردی۔
سندھ ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے وفاقی وزیر غلام سرور کے اس بیان پر چیف جسٹس جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے جس میں انہوں نے ملک لوٹنے والوں کو واجب القتل قرار دیا تھا۔
رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا یہ حکومت چور مچائے شور، چور کی داڑھی میں تنکا کے مترادف ہے، وزیراعظم سے لے کر وفاقی کابینہ تک سب نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔ بارشوں کی وجہ سے شہریوں میں سیلابی صورتحال ہے، این ڈی ایم اے بلاتفریق کردار ادا کرے۔
غلام سرور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پلوشہ خان نے کہا کہ یہ موصوف 1985 سے لے کر آج تک ہر ٹانگے کی سواری کرتے رہے ہیں، اگر سرور خان کو لوٹ مار کا درد ہے تو شروعات خود سے کریں، واجب القتل وہ لوگ ہیں جہنوں نے ملک میں روٹی 20 روپے کی کردی ہے۔
ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ ایک نیازی کے فال آف بنگلا دیش کیا دوسرے نے فال آف کشمیر کردیا، ان امریکن سنڈیوں کے خلاف محکمہ زراعت کو کارروائی کرنی چاہیے جو اپنی فصل کو برباد کررہے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان ہٹلر بننے کی کوشش کررہے ہیں، لیکن اس کے لئے بھی عقل کی ضرورت ہے، نفیسہ شاہ کا ایک سوال پر کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن میں کوئی تفریق نہیں چاہتی، میاں شہباز شریف کو قائدانہ کردار ادا کرنا چاہئے۔
Comments are closed.