پاکستان پیپلز پارٹی کا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ

پاکستان پیپلز پارٹی نے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے فی الفور مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا، استعفیٰ نہ دینے پر مواخذے کا فیصلہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کرے گی

پیپلز پارٹی کے سینئیر رہنمااور سابق  چئیرمین  سینیٹ سینیٹر رضا ربانی نے  کہاہے کہ  صدر عارف  علوی اپنے عہدے  سے مستعفی  ہوجائیں۔اگر صدر مستعفی ٰ نہیں ہوتے تو ان  کا  مواخذہ کرنا ہے یا نہیں، اس کا فیصلہ پی ڈی ایم قیادت کرے گی۔ حکومت سے مستعفی ہونےکا  ہمارا مطالبہ اپنی جگہ موجود ہے، اس لسٹ میں اب صدر بھی شامل ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما میاں رضا ربانی نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت  اداروں کے درمیان آئینی حل کو ختم کیا جا رہا ہے۔حکومت نے کئی ماہ سے نیشنل سیکیورٹی کونسل کا اجلاس نہیں بلایا گیا،سی سی آئی کی طرح  نیشنل  سیکیورٹی کونسل کو بھی بے جان کردیا گیا ہے۔ رضاربانی نے کہاکہ اداروں کے بجائے معاملات ٹائیگر فورس کو تھمانا خرابی کی اصل وجہ ہے۔

رضا ربانی نے کہا کہ جسٹس  قاضی  فائز  عیسیٰ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے  بعد امید تھی کہ صدر مستعفی ہوجائیں گے،لیکن اب ہم  مطالبہ کرتے ہیں کہ صدر مملکت استعفیٰ دیں۔صدر نے ایوان صدر کو آرڈیننس فیکٹری میں تبدیل کردیا ہے۔رضا ربانی کاکہناتھا  کہ صدر عارف علوی نے پاکستان آئی لینڈ اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس جاری کیا،یہ آرڈیننس غیر آئینی اور غیر قانونی ہے،سندھ ہائی کورٹ نے اپنے  فیصلے  میں جزائر کو صوبے کی ملکیت قرار دیا  تھا۔

 ایک سوال کے جواب میں  سابق  چئیرمین سینیٹ  نے کہاکہ امریکہ اور بھارت  کے  درمیان دفاعی معاہدے کے خطے پر خطرناک اثرات ہونگے،وزیر خارجہ سینیٹ میں اس کی وضاحت کریں۔

Comments are closed.