اسلام آباد:پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بلانے کی تجویز دے دی ہے۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نئیر حسین بخاری نے جاری بیان میں کہاہے کہ کسی کی خواہش پر پی ڈی ایم میں شامل کسی بھی جماعت کو نہیں نکالا جا سکتا ، پی ڈی ایم میں انفرادی فیصلوں کی کوئی حیثیت نہیں، دس جماعتیں بیٹھ کر جو فیصلہ کریں گی تمام جماعتیں اسی کی پابند ہیں۔
نئیر حسین بخاری نے کہا کہ پی ڈی ایم کی بنیاد ہی پیپلزپارٹی کی زیر اہتمام اے پی سی میں رکھی گئی تھی پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کو قائم رکھنے میں کردار ادا کرے گی۔ پیپلزپارٹی کو پی ڈی ایم سے نکالنے کا موقف ن لیگ کا ہوگا لیکن پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے فیصلوں کی پابند ہے۔
پیپلز پارٹی سیکرٹری جنرل کاکہناتھا کہ سید یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بن گئے ہیں، ن لیگ کو تحفظات ہیں تو پی ڈی ایم میں مل بیٹھ کر بات چیت ہو سکتی ہے ،ا تمام معاملات کو زیر غور لانے کے لئے پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بلایا جائے۔
Comments are closed.