اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے حوالے سے اپنے الگ الگ پیغام میں کہا ہے کہ چھ ستمبر 1965 کا جذبہ آج بھی پاکستانی قوم کے دلوں میں زندہ ہے، امن کے علمبردار ہیں امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
چھ ستمبر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ یوم دفاع ہمیں افواج پاکستان اور قوم کے اس جذبہ اور بہادری کی یاد دلاتا ہے جس کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے 55 سال قبل دشمن کے ناپاک عزائم کوخاک میں ملا دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جذبہ ستمبر 1965ء ہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہے ، میں بڑے فخرسے کہہ سکتا ہوں کہ اس کی بدولت ہم بہت سے امتحانوں میں سرخرو ہوئے ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اورجذبہ ایمانی نے آج پاکستان کوناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔ ہم نے خطے کے امن اور سلامتی کیلئے مثبت اور سنجیدہ کوششیں کی ہیں مگر ہمارا ازلی دشمن ہمارے خلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے۔ ہم اپنے دفاع وسلامتی پر ہرگز سمجھوتا نہیں کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ 55سال قبل ہماری پاک فوج نے قوم کے شانہ بشانہ دنیا پر ثابت کیا کہ وہ ہر قیمت پر مادر وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔6 ستمبر کا دن ہماری بہادرمسلح افواج کی جرات اورایثارو قربانی کے بے مثال جذبے کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ پاکستان امن کا علمبردار ہے لیکن اسے ہماری کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہئے۔
Comments are closed.