مسئلہ کشمیر پر پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے، صدر، وزیراعظم

اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا اصولی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

صدرمملکت نےکہا کہ 5 فروری حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کے غیرمتزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ اس موقع پر حکومت پاکستان اور اس کے عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں اور بالعموم دنیا بھر پر واضح کرتے ہیں کہ ہم جموں و کشمیر کے طویل عرصہ سے حل طلب تنازعہ اور بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر پرغاصبانہ قبضہ کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کو نہیں بھولے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت “مسلح جنگجوئوں کو ہلاک” کرنے کےجھوٹے بیانیہ کی آڑ میں اپنی دہشت گردی کو جواز دینے کی کوشش کرتا رہا ہے تاہم وہ اپنی اس کوشش میں بری طرح ناکام ہوا۔ اپنے کشمیر ی بہن بھائیوں کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ ہم کشمیر کے بارے میں اپنے اصولی مؤقف پر پوری طرح کاربند ہیں ۔ صدرمملکت نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اس بہادرانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے جوکہ وہ اپنے جائز حق خوادادیت کے حصول کیلئے کر رہے ہیں ، ہمیں پختہ یقین ہے کہ کشمیری اپنی اس جدوجہد میں ضرور کامیاب ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 7 دہائیاں گزر نے کے باوجود جموں و کشمیر کا تنازعہ حل نہیں ہو سکا، مقبوضہ جموں و کشمیرمیں بے گناہوں کے قتل عام، بچوں پر پیلٹ فائرنگ، آبروریزی و تشدد سمیت بھارتی مظالم جاری و ساری ہیں اورکشمیری اپنی ہمت، جرأت، بہادری سے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے مسلسل کوشاں ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج سفاکانہ طریقے سے ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو بے رحمانہ تشدد، غیر قانونی حراست کے دوران قتل کررہی ہیں۔ ہرسال 5 فروری کو منایا جانے والا “یوم یکجہتی کشمیر” کشمیریوں کے بھارتی تسلط کے خلاف اور حق خود ارادیت کیلئے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے، یہ ارادہ ہر گزرنے والے دن اور ہر ڈھائے جانے والے بھارتی ظلم کے ساتھ تقویت پکڑتا جا رہا ہے۔

Comments are closed.