کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں چاہے جو قیمت چکائیں، صدر،وزیراعظم

مشکلات کے باوجود بہادر کشمیری بے مثال قربانیاں دے کر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کررہے ہیں:یوم سیاہ کشمیر پرپیغامات،بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کی کوشش میں ناکام ہو گیا ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے 27 اکتوبر یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر پیغام دیا کہ آج بوجھل دل کے ساتھ ہم کشمیر سے متعلق ایک اور یوم سیاہ منا رہے ہیں، 27اکتوبر 1947 سے بھارت غیر قانونی طور سے مقبوضہ کشمیر پر قابض ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ سے زیادہ مسلح فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔

5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت کو غیرقانونی طور پرختم کیا گیا، 5 اگست کے بھارتی یکطرفہ اقدام سے مقبوضہ کشمیر میں صورتحال مزید خراب ہوگئی، گزشتہ 3 سالوں میں بھارتی قابض افواج نے تقریباً 690 بے گناہ کشمیریوں کا ماورائےعدالت قتل کیا، ممتاز حریت رہنما غیرقانونی طور پر زیرحراست یا گھروں میں نظر بند ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کیلئے قابل مذمت اقدامات کر رہا ہے۔

مشکلات کے باوجود بہادر کشمیری بے مثال قربانیاں دے کر بھارتی جارحیت کامقابلہ کررہے ہیں، پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مسلسل آواز اٹھائی ہے، پاکستان عالمی برادری پر مسلسل زوردیتا رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر اپنا کردار ادا کرے، جموں و کشمیر کے تنازع کا واحد حل سلامتی کونسل کی قراردادوں میں مضمر ہے، ہمارا سب سے بڑا اثاثہ اس بنیادی مسئلے پر قومی اتفاق رائے ہے، ہمارے پیارے قائد نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا،چاہے کوئی بھی قیمت کیوں نہ ادا کرنا پڑے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر پر ہندوستان کے غیر قانونی قبضے کے75 سال مکمل ہو چکے ہیں۔ریاست جموں و کشمیر کی تقدیر کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کے تحت ایک آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کی مدد سے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی کیا جائے گا۔ پاکستان ہر عالمی فورم پر تنازعہ جموں و کشمیر کے حل کیلئے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق میں ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ 27اکتوبر 1947 تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جس پر انسانیت شرمندہ ہے۔

بلاول بھٹو نے یوم سیاہ کشمیرکے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم 75 سال پر محیط ہیں، بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کی کوشش میں ناکام ہو گیا ہے، ایک لاکھ کشمیریوں کے قتل اور گمشدگیوں کے باوجود جذبہ حوریت میں کمی نہیں آئی۔

عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کو روکے، عالمی برادری کشمیریوں سے کیا گیا استصواب کا وعدہ پورا کرے۔

انہوں نے جدوجہد خود ارادیت کے دوران شہید ہونے والے کشمیریوں کو سلام بھی پیش کیا۔

Comments are closed.