اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر شہریوں کی زندگی بچانے والے آئل ٹینکر کے ڈرائیور فیصل بلوچ سے ملاقات کی ہے۔وزیراعظم نے اسلام آباد میں اپنے دفتر میں فیصل بلوچ سے ملاقات میں ان کی بہادری پر انہیں تمغہ شجاعت سے نوازنے کا اعلان کیا۔
شہباز شریف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں ملاقات کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے فیصل بلوچ سے ملنے اور ان کے جرأت مندانہ کردار پر انہیں تمغہ شجاعت کے لیے نامزد کرنے پر خوشی ہے۔ وہ ایک سچے ہیرو ہیں جن بے شمار دیگر افراد کی زندگی بچانے کے لیے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالا۔ میں ان اس بے لوث جرأت مندانہ اقدام کو سراہتا ہوں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے آئل ٹینکرڈرائیور شیر احمد عرف فیصل بلوچ کو داد شجاعت دینے کے لیے وزیر اعظم ہاؤس مدعو کیا۔
وزیر اعظم نےاپنی جان کی پرواہ کیے بغیر لوگوں کی زندگیاں بچانے پر فیصل بلوچ کو خراج تحسین پیش کیا، اور اسے تمغۂ شجاعت کےلیے نامزد کیا . pic.twitter.com/Sr7V6rioeB— Prime Minister's Office (@PakPMO) June 15, 2022
ایک ہفتہ قبل سات جون کو کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر ایک نجی پیٹرول پمپ پر پیٹرول خالی کرتے ہوئے ایک ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔پیٹرول پمپ پر موجود لوگوں کو بچانے کے لیے ٹینکر ڈرائیور محمد فیصل حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ کے شعلوں میں لپٹے ٹینکر کو آبادی سے دور لے گئے۔ فیصل بلوچ کے جلتے آئل ٹینکر کو لوگوں سے دور بھگا کر لے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی لوگوں نے انہیں سراہنا شروع کر دیا تھا اور بلوچستان کی حکومت نے بھی انہیں انعام سے نوازنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بھی ڈرائیور کی بہادری کو سراہتے ہوئے ان کے لیے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ محمد فیصل کی جرات اور بہادری قابل ستائش ہے، انہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جان بچائی ہے۔
Comments are closed.