وزیراعظم شہبازشریف ماحولیاتی کانفرنس میں شرکت کےلئے مصر پہنچ گئے
وزیر اعظم کی سمٹ سائیڈ لائنز پر کئی عالمی رہنمائوں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی شیڈول،وزیراعظم نارویجن ہم منصب سے بھی ملاقات کرینگے
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورہ پر مصر پہنچ گئے۔وزیراعظم کلائمیٹ امپلیمنٹیشن سمٹ میں شرکت کرینگے۔وزیر اعظم کی سمٹ سائیڈ لائنز پر کئی عالمی رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔وزیر اعظم نارویجن ہم منصب سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف’’شرم الشیخ کلائمیٹ امپلیمنٹیشن سمٹ‘‘ میں شرکت کے لیے مصر کے شہر شرم الشیخ کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور کابینہ کے دیگر اراکین اور اعلیٰ حکام بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
یہ سربراہی اجلاس اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی 27ویں کانفرنس کے ایک حصے کے طور پر ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم 8 نومبر کو اپنے نارویجن ہم منصب کے ساتھ ’’کلائمیٹ چینج اینڈ سسٹین ابیبلٹی آف ولنرایبل کمیونٹیز‘‘ پر ایک اعلیٰ سطحی گول میز مباحثے کی شریک صدارت بھی کریں گے۔
وزیر اعظم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ایگزیکٹو ایکشن پلان کے ابتدائی وارننگ سسٹمز کے آغاز کے لیے گول میز میں بطور اسپیکر بھی شرکت کریں گے اورمڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ جس کی میزبانی سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کر رہے ہیں میں بھی شرکت کریں گے۔
کوپ 27 ایک ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب پاکستان سمیت دنیا کے دیگر حصوں میں لاکھوں لوگ موسمیاتی تبدیلی کے شدید منفی اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔
Comments are closed.