ممنوعہ فنڈنگ ثابت،پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس،عمران خان کا بیان حلفی جھوٹا قرار
16 بینک اکائونٹس چھپانا آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی ہے،13 نامعلوم اکائونٹس بھی سامنے آئے،الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کوتحریک انصاف کے خلاف ریفرنس بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے،وضاحت نہ آنے پرممنوعہ فنڈنگ کوبحق سرکارضبط کرنے کا حکم دیاجائے گا:الیکشن کمیشن ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنا دیا
اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا 8 سال بعد متفقہ فیصلہ سنا دیا۔ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہونے پرتحریک انصاف کو شوکازنوٹس جاری کردیا گیا۔تحریری فیصلے کے مطابق عمران خان کا بیان حلفی جھوٹ قرار دے دیا گیا ہے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 16 بینک اکائونٹس چھپانا آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی ہے۔13 نامعلوم اکائونٹس بھی سامنے آئے۔الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کو پی ٹی آئی کے خلاف ریفرنس بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سال 2008 سے2013 تک غلط ڈیکلیئریشن الیکشن کمیشن میں جمع کرائے۔16 بینک اکائونٹس چھپانا آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی ہے۔
الیکشن کمیشن کے تحریری فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی نے امریکہ۔کینیڈا۔ایل ایل سی۔برسٹل سروسز۔ابراج گروپ۔عارف نقوی۔بھارتی خاتون رومیتا سیٹھی۔آئی پی آئی اور یوایس آئی سے فنڈنگ لی۔کمیشن مطمئن ہوگیا کہ مختلف کمپنیوں سے ممنوعہ فنڈنگ لی گئی۔پی ٹی آئی نے شروع میں 8 اکائونٹس کی تصدیق کی۔34 غیر ملکیوں اور 351 کارباری شخصیات سے فنڈز لیے اور13 نامعلوم اکائونٹس بھی سامنے آئے۔
پی ٹی آئی کو ممنوعہ فنڈنگ پر شوکازنوٹس جاری کرنے اورفیصلہ کی کاپی وفاقی حکومت کو بھجوانے کا فیصلہ کیاگیاہے۔شوکاز نوٹس میں پی ٹی آئی سے ممنوعہ فنڈنگ پروضاحت مانگی جائے گی۔وضاحت نہ آنے پرممنوعہ فنڈنگ کوبحق سرکارضبط کرنے کا حکم دیاجائے گا۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے میں ووٹن کرکٹ کلب سے فنڈ ریزنگ کے نام پر ملنے والی فنڈنگ کو بھی ممنوعہ قراردیا گیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اکائونٹس کو چھپانا آئین کی خلاف ورزی ہے۔16بینک اکاونٹس چھپانا آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے کےمین آئی لینڈ میں رجسٹرڈ ووٹن کرکٹ کلب سے 21 لاکھ 21 ہزار 500 امریکی ڈالر حاصل کیے۔ووٹن کرکٹ کلب ابراج گروپ کے مالک عارف نقوی کی ملکیت ہے۔پی ٹی آئی نے متحدہ عرب امارات کی برسٹل انجینئیرنگ سے 49 ہزار 965 امریکی ڈالر کے فنڈز لیے۔
فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والی ای پلینٹ اور برطانوی کمپنی ایس ایس مارکیٹنگ سے کل 10 لاکھ ایک ہزار 741 ڈالرز حاصل کیے گئے۔
تحریک انصاف امریکہ کےذریعے 2 ایل ایل سی کمپنیوں سے 25 لاکھ 25 ہزار 500 ڈالر پی ٹی آئی پاکستان کو منتقل کیے گئے۔
فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی کینیڈا کارپوریشن سے 2 لاکھ 79 ہزار 822 ڈالر فنڈز منتقل ہوئے۔پی ٹی آئی یو کے پبلک لیمیٹڈ کمپنی سے 7 لاکھ 92 ہزار 265 برطانوی پاؤنڈز منتقل ہوئے۔پی ٹی آئی کینیڈا کارپوریشن سے 35 لاکھ 81 ہزار 186 پاکستانی روپے کے عطیات بھی وصول کیے گئے۔پی ٹی آئی نے آسٹریلوی کمپنی ڈنپیک پرائیوٹ لمیٹڈ ۔انور برادرز۔زین کاٹن اور ینگ سپورٹس سے بھی فنڈنگ وصول کی۔
Comments are closed.