احتساب اوراصلاحات کے پروگرام پر سختی سے عمل درآمد جاری رہے گا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت احتساب اور اصلاحات کے پروگرام پر سختی سے عمل درآمد جاری رکھے گی۔

وزیراعظم عمران خان سے ان کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابراعوان نے ملاقات کی جس میں آئینی، سیاسی اور قانونی امور پر مشاورت کی گئی۔ بابراعوان نے پی ٹی آئی حکومت کے تیسرے نئے پارلیمانی سال کا کیلینڈر پیش کیا، جس کی وزیراعظم نے منظوری دے دی۔

ڈاکٹر بابر اعوان نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ نئے پارلیمانی سال میں قومی اسمبلی کا ہر مہینے اجلاس ہوگا، پارلیمنٹ 133 دن کام کرے گی، ملکی و قومی مفاد کی قانون سازی کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی امور کی بہترین انجام دہی پر ڈاکٹر بابراعوان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت احتساب اور اصلاحات کے پروگرام پر سختی سے عملدرآمد کرے گی، 5 سال میں ادارہ جاتی تبدیلی کا ایجنڈے پر مکمل عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں کئے گئے کٹھن فیصلوں کے ثمرات ملنا شروع ہو چکے ہیں،حکومت کا نیا پارلیمانی سال ملکی ترقی اورخوشحالی کا سال ہو گا،معاشی استحکام حاصل کرنا اولین ترجیح ہے، حکومتی اقدامات کی نتیجے میں مشکل وقت جلد ختم ہوتے دیکھ رہا ہوں۔

Comments are closed.