پی ٹی آئی کا سپیکر قومی اسمبلی سے دوبارہ رابطہ، ملاقات کی استدعا

سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے،سیاستدانوں میں رابطے ہونے چاہئیں،استعفوں کے حوالے سے فیصلہ آئین پاکستان اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق کیا جائے گا:راجہ پرویزاشرف کا رابطے کا خیرمقدم

تحریک انصاف نے استعفوں کے معاملے پراسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔اسد عمر، فواد چوہدری، شاہ محمود قریشی، عامر ڈوگر، پرویز خٹک اسپیکر سے ملاقات کریں گے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے رابطہ کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے۔سیاستدانوں میں رابطے ہونے چاہئیں۔استعفوں کے حوالے سے فیصلہ آئین پاکستان اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی کے چیف وہیپ عامرڈوگر نے سپیکرسے رابطے میں کہا ہے کہ ہم وفد کی صورت میں آپ سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔پرویزاشرف نے جواب دیا کہ میں اس وقت لاڑکانہ میں موجود ہوں۔۔ایک روز بعد بیرون ملک روانہ ہونا ہے۔اس پر عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ بیرون ملک جانے سے قبل پی ٹی آئی رہنماء وفد کی صورت میں آپ سے مل لیں گے۔

سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ استعفوں کے تصدیق کے معاملے میں آئین پاکستان اور قومی اسمبلی کے ضوابطہ کار میں واضح طریقہ کار موجود ہے۔شاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی کے تمام ممبران کو استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے خطوط ارسال کر دیئے ہیں۔

Comments are closed.